اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی حکومت نے ملکی معیشت سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے ،پاکستانی خاتون تانیہ شاہد گوگل کمپنی کو خیرباد کہہ کر وزیراعظم ہاؤس میں کام کرنے کو تیار ہو گئیں۔ وفاقی حکومت کے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کے فیصلے کے بعد قابل پاکستانی خاتون تانیہ شاہد معیشت اور تمام حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کام کریں گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہاہے کہ کافی محنت اور تگ و دو کے بعد گوگل سے منسلک ایک انتہائی قابل پاکستانی خاتون کو معیشت اور تمام حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے آمادہ کر لیا ہے ، تانیہ شاہد اس سے قبل سنگا پور میں گوگل کمپنی میں کام کر رہی تھیں۔تاہم اب وہ گوگل کمپنی کو خیرباد کہہ کر پاکستان آئیں گی اور وزیراعظم آفس میں اپنی خدمات سر انجام دیں گی۔سنگاپور میں گوگل کمپنی کی سینئر ایگزیکٹو سے معاملات طے پاگئے ہیں، خاتون وزیراعظم آفس سے ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کی سربراہی کریں گی،وزیراعظم آفس میں اسٹرٹیجک ریفارمز یونٹ قائم کردیا گیا ہے ،پروفیشنل ٹیم ریفارمز پر عملدرآمد اور ڈیٹا بیس کو مانیٹر کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے رقوم کی ادائیگی کا نظام ڈیجیٹلائز اور آسان کریں گے ، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ٹھیک نہ کیا تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے ، ڈیجیٹلائزیشن کا خیال وزیراعظم عمران خان کا تھا، گورنر سٹیٹ بینک سمیت اہم اداروں کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے ۔