اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،92 نیوز)مقامی سطح پر ڈیزائن گن بوٹس اور ٹگز کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد وزارت دفاعی پیداوار میں کیا گیا، ایم ڈی کراچی شپ یارڈ رئر ایڈمرل اطہر سلیم اور ڈی جی میونیشنز پروڈکشن ائر وائس مارشل قیصر جنجوعہ نے معاہدوں پر دستخط کئے ، پاک بحریہ کی جانب سے مقامی طور پر ڈیرائن کردہ گن بوٹ سٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں سے لیس اور تیز رفتار ہوگی، اس کی تعمیر کراچی شپ یارڈ میں کی جائے گی، مزید برآں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری سے لیس 2 ٹگز جوکہ خراب موسم میں بھی کام کرنے اور امدادی کاروائیوں میں استعمال ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں تعمیر کئے جائیں گے ۔ ایم ڈی شپ یارڈ نے کہا کہ یہ منصوبے دفاعی جہازوں کی تعمیر میں خودمختاری اور خود کفالت کا مظہر ہیں، اس وقت کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے ملجم کلاس جنگی جہاز، فاسٹ اٹیک کرافٹ(میزائل) اور ٹگز جبکہ پی ایم ایس اے کیلئے میری ٹائم پٹرول جہاز تعمیر کئے جارہے ہیں، ڈی جی میونیشنز پروڈکشن نے جہازوں کی بروقت فراہمی پر کراچی شپ یارڈ انتظامیہ اور افرادی قوت کی تعریف کی۔ دریں اثناپاکستان ،نیوی کا تیسرا اے ٹی آر 72 طیارہ میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ میں تبدیل کیا جائیگا،جہاز اپ گریڈیشن کیلئے جرمنی پہنچ گیا۔باوثوق ذرائع نے 92نیوز کو بتایا کہ طیارہ زمین، سمندر اور فضائمیں موثر نگرانی، تلاش و بچاو ئو آپریشنز میں کلیدی اہمیت کا حامل بن جائے گا۔اے ٹی آر 72 طیارے کو جدید ترین ٹارپیڈوز، ریڈار، الیکٹرو آپٹکس، انفراریڈ سینسرز سے لیس کیا جائے گا، پاک بحریہ چوتھے اے ٹی آر طیارے کو بھی میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ میں بدلنے پر غور کر رہی ہے ۔