لاہور (رانا محمد عظیم )معاملات کس طرح ٹھیک کئے جائیں، شہباز شریف متحرک ہو گئے ، ن لیگ کے اہم رہنمائوں سے بھی خود رابطے شروع کر دیئے جبکہ مریم نواز سے نالاں ہیں ، تین اہم رہنمائوں سے بھی شہباز شریف کے رابطے جب کہ شہباز شریف جلد مختلف سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر نے لگے ہیں۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے چند قریبی ساتھی جن میں کچھ بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں شہباز شریف ان کے ذریعے اہم شخصیات سے ملنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں،شہباز شریف ہر صورت میں چاہتے ہیں کہ 2023 سے پہلے پہلے ان کے معاملا ت کسی حد تک بہتر ہو جائیں اور جو حلقے ان سے نالاں ہیں ان کو منایا جائے ،اس ضمن میں باقاعدہ یہ بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ شہبا زشریف کی طرف سے یہ پیغام جائے کہ ان کا نوازشریف کا موقف اور بیانیہ ایک نہیں ہے ۔ اس ضمن میں اسلام آ باد سے دو معروف شخصیات کا شہباز شریف سے رابطہ ہے اور وہ شخصیات بھی جلد اس میں اپنا کردار ادا کریں گی، شہباز شریف اور چودھری نثار میں بھی جلد ملاقات یا ٹیلی فون پر رابطہ متوقع ہے ۔ شہباز شریف چودھری نثار کو بھی منانے کی کوشش کریں گے کہ وہ غلط فہمیاں دور کر انے میں کوئی اپنا رول ادا کریں۔ شہباز شریف کے ایک قریبی دوست جو پہلے بھی کئی معاملات میں رول ادا کر چکے ہیں وہ بھی اسلام آ باد میں متحرک ہو چکے ہیں ، آ ئندہ چند روز میں کوئی بڑی ڈویلپمنٹ ہوسکتی ہے وہیں پر نوازشریف کا قریبی حلقہ شہبا زشریف کے اس اقدام کی اپنی نجی محفلوں میں تنقید کر رہا ہے ۔