لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی بقا اور جمہوریت کے استحکام کے لئے پائیدار اور دیرپا معاشی استحکام انتہائی ضروری ہے ۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر نتائج کے حصول اور قابل عمل معاشی پالیسیاں اور حکمت عملی تیار کرنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت کو تمام فریقین کو اعتماد میں لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی واضح یقین دہانی کے باوجود فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کارپوریٹ سیکٹر کے دیگر اعلی رہنماؤں کو پالیسیوں کی تیاری اور فیصلہ سازی میں اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پوری بزنس کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہے ۔ حکومتی وزرا، مشیران، ایف بی آر، سٹیٹ بینک کو بھی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی بزنس و تاجر کمیونٹی کو درپیش حقیقی شکایات کا ازالہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر حکومت کو بزنس کمیونٹی اور چھوٹے و درمیانے تاجروں کو مراعاتی پیکیج دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ، کوریا ، چین ، فرانس ، جرمنی ، روس سمیت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک ایس ایم ایز کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں کیونکہ یہ معیشت کے استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افتخار ملک نے کہا کہ ہماری برآمدات ہدف سے کم ہورہی ہیں ۔