اسلام آباد،لاہور،سرگودھا، فیصل آباد،کراچی (نیوز رپورٹر،خصوصی نمائندہ،خبرنگار،خصوصی رپورٹر،سٹاف رپورٹر) اسلام آباد،لاہور،سرگودھا،کراچی سمیت ملک بھر میں 7 ستمبرکویوم فضائیہ یوم شہدا کے طور پر منایا گیا۔ پاک فضائیہ کی جرات و عظمت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مقامی ایئر بیسز پر تقاریب کا اہتمام کیا گیاجس میں پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کے علاوہ مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔ 7 ستمبر کے روز پاک فضائیہ نے مکار دشمن بھارت کو دندان شکن جواب دیا اور سرگودھا کی فضا میں ایم ایم عالم نے بھارت کے 5 طیارے گرا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھاجس کے بعد بھارتی سورماؤں میں یہ جرات نہیں ہو سکی تھی کہ وہ پاکستانی حدود میں داخل ہو سکیں ۔گزشتہ روز دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کیلئے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔گزشتہ روز ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یو م فضائیہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنے وطن کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے ، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضائوں کی حفاظت کیلئے ہم ہر دم تیار ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہدا کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ قبل ازیں ایئرچیف نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ادھرکراچی میں یوم فضائیہ کے موقع پر آرمی قبرستان میں تقریب کاانعقادکیاگیاجس میں پاکستان ایئر فورس نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ، ایئروائس مارشل عباس گھمن نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی قبرپر حاضری دی اور شہید کے بھائی انجم منہاس کے ہمراہ قبر پر پھول چڑھائے ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں ایئروائس مارشل عباس گھمن نے کہا کہ راشد منہاس شہید ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ہم دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ،پاک فضائیہ وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی، دشمن کو بھرپور جواب دیں گے ۔