اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اسلام آباد میں آٹومیشن کے پائلٹ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اپنی مدد آپ کے تحت آٹومیشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کیلئے باقاعدہ طور پر ہیڈ آفس میں ایک ڈیٹا سنٹر قائم کر دیا گیا ، اس ڈیٹا سنٹر سے ملک بھر کے تمام سٹورز کا کنٹرول ہیڈ آفس کے پاس آجائیگا اور ملک بھر کے تمام سٹورز کی ہیڈ آفس سے ڈائریکٹ مانیٹرنگ کی جاسکے گی اور ٹرانزکشز ریکار ڈ کی جائینگی۔پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے ویئر ہاوس اور بڑے سٹورز کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جس سے ان سٹورز کی تمام ٹرانزکشنز کو ریکار ڈ اور مانیٹر کیا جائیگا یہ یوٹیلیٹی سٹورز کی تاریخ کا پہلا ڈیٹا سنٹر ہوگا جہاں سے ملک بھر کے تمام سٹوروں کا ڈیٹا اکھٹا ہوگااور اسکا مکمل کنٹرول ہیڈ آفس سے ہوگا۔یوٹیلیٹی سٹورز کی آٹومیشن سے ملک بھر کے عوام مستفید ہونگے اس سسٹم کی وجہ سے سٹوروں پر مکمل کنٹرول ہو جائیگا جس سے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کا حصول مزید آسان ہو جائیگا۔چیئرمین نے اس موقع پر ورکرز، انتظامیہ اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی اور کہا کہ اپنے ریسورسز سے اور اپنے مکمل کنٹرول کے ساتھ یہ کسی بھی سرکاری ادارے کا پہلا ڈیٹا سنٹر ہے ، اس ادارے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے ۔ ،وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق اس ادارے کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارہ بنایا جائیگا ،کارپوریشن کی سیلز بڑھے گی۔