لاہور(نامہ نگار،کر ائم ر پو ر ٹر) پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرانسپورٹ اورنج لائن میٹروٹرین نے اپنے پورے روٹ پر آزمائشی سفر کا آغاز کردیا ہے ۔ اورنج لائن میٹروٹرین ڈیرہ گجراں سے اپنی منزل علی ٹاؤن کی جانب آزمائشی سفر پر روانہ ہوئی۔ اورنج لائن ٹرین میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان ، پنجاب حکومت کے خصوصی مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد گیلانی ،جی ایم ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عذیر شاہ سمیت اہم شخصیات سوار تھے ۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین روٹ کے 26 اسٹیشنز پر2000 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پرتعینات کئے گئے ۔اورنج ٹرین کو 3 ماہ تک آزمائشی طورپرچلا کراس کا مکینیکل، الیکٹریکل اوربریک سسٹم چیک کیا جائے گا اور شہریوں کو ٹرین پر سفر کیلئے ابھی مزید3 ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کا اس حوالے سے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین سے ملتان روڈ پر ٹریفک کا دبا ؤکم ہوگا، ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج نمایاں کمی آئے گی، اورنج لائن میٹرو ٹرین کو پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرانسپورٹ ہونے کا اعزازبھی حاصل ہے ،بتایا گیا ہے کہ میٹرو ٹرین پہلی مرتبہ پورے روٹ پر بجلی کے ذریعے چلائی جارہی ہے جب کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا مکمل ہونے والا پہلا ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا ہی منصوبہ ہے جسے مکمل کر لیا گیا ہے ۔