لاہور (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام ‘‘ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور اس پروگرام سے ابتدائی طورپر ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ اور جدید تقاضوں کے مطابق 56 جدید کورسز کرائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام‘‘ کے تحت ایکسپو سنٹر میں نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے نوجوانوں سے ٹیکنیکل سکلز میں ان کی دلچسپی کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے سٹالز پر رکھی اشیاء ،روبوٹس اور دیگر سامان میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹاکانفرنس 2019 کے تحت ’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام " سے ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہوں گے ۔ 4 سال میں بتدریج بڑھاتے ہوئے پونے 9 لاکھ مزید نوجوانوں کو’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام ‘‘کے دائرہ کار میں شامل کریں گے ۔ سی پیک کیلئے پنجاب میں ہنر مند وں کی ضرورت کو’’وزیراعلیٰ ہنر مند نو جوان پروگرام‘‘ کے ذریعے ہی پورا کیا جا سکے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ "وزیراعلیٰ ہنرمند نوجوان پروگرام " رسمی پراجیکٹ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی معاشی قسمت بدلنے والا گیم چینجر منصوبہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب میں 4ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔ پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی لاہوراورپنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی رسول میں جدید ٹیکنیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے ۔ راولپنڈی میں یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور ڈیرہ غازی خان میں میرچاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی قائم کریں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے آل پاکستان کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورمرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معائنہ ٹیم میں شامل سات ممبران کو یوٹیلٹی الائونس دینے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔7ممبران کو یوٹیلٹی الاؤنس کی مد میں 21 لاکھ روپے سالانہ جبکہ تیس ہزار روپے ماہانہ فی کس ادا کئے جائیں گے ۔