میرپورخاص،شہدادپور،پتھارو(نامہ نگاران ) گزشتہ ہفتے رحیم یارخان میں تیز گام ایکسپریس ٹرین میں آتش زدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے میرپورخاص کے 4 مردوں اور شہدادپور کی 70سالہ خاتون کی میتوں کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستانوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔میرپورخاص کے 4 شہداء منورعلی،محمد عمر،عبدالکریم اور محمد شکیل کی میتیں جمعے کو علی الصباح لائی گئیں ۔ چاروں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مختلف سیاسی ومذہبی رہنماؤں،سماجی شخصیات اور معززین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تیز گام ٹرین حادثے میں شہید شہدادپور کی 70 سالہ ملک عصمت بی بی کی نمازجنازہ جامع محمدی مسجد ابدال نگرکے باہر ادا کی گئی ۔دریں اثنا ایک اور شہید پتھارو کے رہائشی عبدالرحمان آریسر کا ڈی این اے ٹیسٹ میچ نہ ہوسکا، عبدالرحمان آریسر کے والد گزشتہ روز دووبارہ ڈی این اے کیلئے بہاول پور، رحیم یارخان پہنچے ۔