لا ہور(پ ر )شو کت خانم ہسپتال کی جانب سے بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی کے لیے جاری مہم کے سلسلے میں مینار پاکستان کو گلابی روشنیوں سے سجادیا گیا ۔ اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کی جانب سے یکم اکتوبر کو اس سلسلے میں آگاہی مہم کا آغاز ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور کیبنٹ ڈویژن کوگلابی روشنیوں سے سجانے سے کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے گزشتہ شب تاریخی مینارِ پاکستان کو گلابی روشنیوں سے سجایا گیا۔ ہسپتال کے نگران چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے ہسپتال کے دیگر ڈاکٹرز اور عملے کے ہمراہ روشنیا ں جلانے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کی شرح ایشیا میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس شرح کو کم کرنے کا سب سے بہترین حل اس بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی اور بر وقت تشخیص ہے ۔