لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم قبال کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔جس میں آٹا،گھی،چینی اورروٹی سمیت 18اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو مارکیٹوں میں مستحکم رکھنے اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تربیت دلانے کا بھی فیصلہ ہوا۔ابتدائی طور پر لاہور،گوجرنوالہ،ملتان،فیصل آباداور راولپنڈی میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں طے کرکے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیااور پھر اس پرائس کنٹرول میکانزم کو پورے صوبے میں لاگو کر دیا جائے گا۔