لاہور، سیالکوٹ (خصوصی نمائندہ ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا،جس میں پنجاب کے شہروں اوردیہات میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی ضروریات مہیا کرنے کیلئے پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام پر مجموعی طورپر25ارب روپے خرچ ہوں گے ، جس کے تحت شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں اور غیر فعال سیوریج سکیموں کو بحال کیاجائے گا جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ضروری مشینری خریدی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام پر عملدر آمد کے حوالے سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے ۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے اور ہم قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنر چودھری سرور کے ساتھ نماز عیدالاضحیٰ بادشاہی مسجد میں ادا کی ۔انہوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی و سا لمیت اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی اور لوگوں سے عید بھی ملے ۔ انہوں نے بادشاہی مسجد کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے ۔ وزیراعلیٰ نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی۔وزیراعلیٰ نے عیدالالضحیٰ پر تمام متعلقہ حکام کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے ، غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہوگا۔وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو مون سون صورتحال کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ریلیف کیمپس لگا کر متاثرہ علاقوں میں ضروری ساز و سامان مہیا کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے عید کے پہلے روزسیالکوٹ کا دورہ کیا اور ضلعی ہیڈ کوارٹر زہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ کی ہسپتال آمد پر مشیر وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مشیر وزیر اعظم برائے اُمور نوجواناں عثمان ڈار ، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری اخلاق نے ان کو خوش آمدید کہا اور گلدستے پیش کئے ۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا مریضوں کو معیاری علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے ،ہسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے جبکہ عام آدمی کیلئے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سول ریسٹ ہاؤس سیالکوٹ کینٹ میں 9اگست کو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل عنصر جاوید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا شہیدکانسٹیبل کے اہلخانہ کی ہر ممکن مدد اوردیکھ بھال کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارآج حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے او رفاتحہ خوانی کریں گے ۔ وزیراعلیٰ عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کریں گے ۔ وزیراعلی حضوری باغ میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کریں گے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت نے کرفیو اور ظلم و جبر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عید کی خوشیاں بھی نہیں منانے دیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تاریخ رقم کی ہے ۔ مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت پر انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ،اقوام عالم کے ضمیر کو اب بیدار ہونے کی ضرورت ہے ۔