اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمٰی نے سوشل میڈیا پر جعلی آئی ڈی بنا کر گستاخانہ مواد کی تشہیر کرنے والے ملزم شوکت علی کی درخواست ضمانت پر سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرکے شکایت درج کرانے والے یاسرقاسمی کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2رکنی بینچ کے بدھ کو سماعت کے دوران استفسار پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر تحقیقات شروع کی گئی،شکایت کنندہ یاسر قاسمی جی نائن فور کا رہائشی اور امام مسجد کا بیٹا ہے ۔جسٹس قاضی محمد امین نے کہا پھر تو شکایت کرنے والے کی بھی تحقیقات ہو نی چاہئیں۔تفتیشی افسر نے کہا کہ دونوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ملزم شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر مخالف پوسٹس شیئر کرتا تھا۔جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ دوسروں کے عقیدوں میں مداخلت نہیں ہوناچاہئے ،امام مسجد کاکام نماز پڑھانا ہے ، اپنے مذہب وعقیدے کے ساتھ ٹھیک رہیں۔فاضل جج نے کہا اسلام امن کا مذہب ہے ، نفرتیں پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے ۔ عدالت عظمیٰ نے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی 2 خواتین اساتذہ کی بحالی کے فیصلے کے خلاف زائد المیعاد اپیل دائر کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں2 رکنی بنچ نے رخسانہ بیگم اور مسز عظمت کی بحالی کا سروسز ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ چیف جسٹس نے کہا اپیل میں تاخیر کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی ۔