لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،این این آئی ) مسلم لیگ (ن) کی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے گیلپ پاکستان کا نیا سروے سامنے آ گیا،مریم نواز پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لئے پارٹی ووٹروں کا اعتماد حاصل نہ کر سکیں، 49 فیصد لیگی ووٹروں نے نواز شریف کی غیر موجودگی میں شہباز شریف کو قائدانہ صلاحیتوں کا مالک قرار دے دیا۔گیلپ اینڈگیلانی پاکستان پول کے نتائج کے مطابق سروے رپورٹ میں قریباًہر 2 میں سے 1 یعنی 49 فیصد لیگی ووٹروں کے مطابق شہباز شریف نواز شریف کی غیر موجودگی میں پارٹی کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔14 فیصد ووٹروں کے مطابق شہباز شریف کے سوا کوئی رہنما پارٹی چلانے کی اہلیت نہیں رکھتا،مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف کے 49 فیصد کے مقابلے میں صرف 12 فیصد ووٹروں کی مثبت رائے حاصل کر سکیں۔حمزہ شہباز کے حق میں 3 فیصد اور شاہد خاقان عباسی کے حق میں صرف 2 فیصد لیگی کارکنوں نے ووٹ دیا،19 فیصد ووٹروں نے رائے کا اظہار نہیں کیا۔