اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اتوار یا پیر کو بیرون ملک چلے جائیں گے ، نیب ان کی درخواست کوکلیئر کرے گا، قطرکی ایئرایمبولنس نوازشریف کیلئے تیارکھڑی ہے ، ایک سال سے کہہ رہا ہوں نوازشریف سے کوئی پیسہ نہیں نکلے گا، نواز شریف، مریم نواز کی وجہ سے سیاسی بحران کا شکار ہوئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک کا لوٹا ہوا پیسہ آصف زرداری کے دوستوں سے نکلے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے ساتھ بیرون ملک جائیں گے ۔ مریم نواز نواز شریف کے ہمراہ لندن نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور آصف زرداری کو مولانا فضل الرحمان کی دعائیں لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے جانے کے بعد پیپلز پارٹی کے راستے بھی کھل جائینگے ۔بڑے لوگوں کا علاج لندن میں ہوتا ہے ۔