لاہور (نامہ نگار ) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ کچھ ممالک کرونا وائرس کا شکار جبکہ نا اہل حکمرانوں نے پاکستانی عوام کو رونا وائرس میں مبتلا کر دیا ۔ایل پی جی مافیا نے ایک دن میں 60روپے اضافہ کرکے ضلعی انتظامیہ کی نااہلی ثابت کر دی ہے ۔چند دن شور شرابا ہو گا اس کے بعد قیمتیں کنڑول کرنے کا اعلان شہ سرخیاں بن جائیگا۔ لیکن اس عرصہ میں عوام کی جیب پر ڈالے گئے اربوں روپے کے ڈاکے کا حساب کون دے گا۔ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی، مصنوعی قلت ، ملاوٹ مافیا ایسا نا سور ہے جس نے ضلعی انتظامیہ کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں۔کبھی ٹماٹر مہنگے کر کے ان کی دوڑیں لگواتے ہیں۔ کبھی لیموں مہنگے ہو جاتے ہیں۔ان پر کنٹرول ہوتا ہے تو، آٹا، چینی ، گھی مہنگا کرکے عوامی کی چیخیں نکلواتے ہیں۔ اب رمضان کی بھی آمد آمد ہے ان دنوں پھل سٹور ہونا شروع ہو گئے ہیں جو رمضان میں مہنگے داموں فروخت ہوں گے ۔ مہنگائی ،بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کی بڑی تعداد سٹریٹ کرائمز میں ملوث ہو گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سامنے ایل پی جی مافیا اور ہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہفتہ کومہنگائی کے خلاف بہت بڑا دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا ۔