کراچی،اسلام آباد (این این آئی)نیب نے کرپشن کے مقدمات میں مطلوب لندن میں موجود پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیراویس مظفر ٹپی اور ایم کیوایم کے سابق ایم این اے بابر غوری کا ریکارڈ برطانوی حکام کو فراہم کردیا۔ برطانوی حکام نے گزشتہ ہفتے نیب حکام سے عمران فاروق قتل کیس ، ٹڈاپ کیس اور ایم کیوایم منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے ملاقات کرکے ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور لندن میں موجود ملزمان کا ریکارڈ بھی مانگا تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر بلدیات اویس مظفر ٹپی اور سابق ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو کیس کا ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے جبکہ نیب حکام نے برطانوی حکام کو بابر غوری کی تفتیش سے بھی آگاہ کیا۔دوسری جانب نیب نے سابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور جے یو آئی (ف) کے رہنمااکرم درانی کیخلاف ان کے داماد عرفان درانی سے تحقیقات کی ہیں۔سابق ایم پی اے عرفان درانی جمعرات کو نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے ، نیب حکام نے ان سے اکرم درانی کے ساتھ کاروباری تعلقات کے حوالے سے سوالات کئے ۔