لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران سہولت بازاروں میں دورے جاری رکھے ہوئے ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے نشتر زون سہولت بازار کا دورہ کیا اور سہولت بازار میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بازار میں ٹینٹس کی کوالٹی کو بھی چیک کیا۔ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کروانے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نے بازار میں کھڑے ہو کر خریداری کے عمل کو بھی مانیٹر کیااور اشیا ضروریہ کی دستیابی کو چیک کیا ۔ انہوں نے سہولت بازار انتظامیہ کو سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے بھٹہ چوک سہولت بازار اور برکی روڈ سہولت بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی فراہمی ، ریٹ لسٹ اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے فروٹ و سبزی مارکیٹ رائیونڈ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ادھر ڈی سی مدثر ملک نے کہا کہ منافع خوری اور گراں فروشی کی روک تھام کیلئے قائم ہونے والے کنٹرول روم میں درج ہونے والی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین دنوں میں مجموعی طور پر 24 شکایات کا اندراج ہوا ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 865 انسپکشنز کی گئیں اور 107 خلاف ورزیاں پائی گئیں جبکہ 1 لاکھ 43 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے اور 20 افراد کو گرفتار کرایا گیا ۔