لاہور(میا ں رؤف)مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے اپنے خلاف کرپشن کیسز ختم کرانے اور نیب اورحکومت پر دبائوڈالنے کے لئے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو سپانسر کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ با وثوق ذرا ئع کے مطا بق ایک خفیہ ایجنسی نے وزیر اعظم اور متعلقہ حکام کو بھجوائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ مبینہ طو ر پر لندن سے جے یو آئی کے آزادی مارچ اور دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے خطیر رقم بھجوائی گئی ہے تاکہ مظاہرین کو خوراک ،ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی نے بھی آزادی مارچ اور دھرنے کے لئے جے یو آئی کی قیادت کو رقم کے علاوہ افرادی قوت بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔واضح رہے اس سے قبل لیگی رہنمامریم نواز اور انکے شوہر کیپٹن صفدر کی طرف سے مبینہ طو ر پر مسلم لیگ ن علما مشائخ ونگ کے سربراہ علامہ فاروق سعیدی کی وساطت سے مولانا کو دھرنے کے لئے لوگوں کو تیار کرنے کے لئے خطیر رقم دینے کی با ت سا منے آ ئی ۔علامہ فاروق سعیدی نے کہااپوزیشن کی تمام جماعتوں سے ملکر نواز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف کی رہائی کے لئے احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے ۔