لاہور ، پاکپتن، راجن پور ( سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) والٹن میں وین ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر مار ڈالا، جاں بحق ہونے والا پیرو سکواڈ کا اہلکار تھا ، سی سی پی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لے لیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا ، ایس پی ڈولفن واقعے کے بعد ہسپتال پہنچ گئی ، والٹن میں معروف شاپنگ سنٹر کے پاس پیروفورس کااہلکار 29 سالہ مزمل ڈیوٹی کے لیے ہیڈ کواٹرز جارہا تھا اسی اثنا میں پک اپ ڈرائیور موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مارکر فرارہوگیا ، زخمی کو جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ، ہسپتال میں عیاد ت کیلئے ایس پی ڈولفن سکوا ڈ عائشہ بٹ بھی پہنچ گئی ،پولیس کے مطابق کانسٹیبل کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور نعیم کو تعاقب کرکے گرفتار کرلیا گیا ،کانسٹیبل مزمل کا تعلق خانیوال سے ہے ، سی سی پی او ذوالفقار حمید نے کانسٹیبل مزمل کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ۔ پاکپتن میں ساہیوال روڈ پر بنک کے سامنے مبینہ طور پر سڑک عبور کرنے والی خاتون کو مسافر بس نے کچل کر مار ڈالا، متو فیہ کی شناخت نجمہ بی بی زوجہ فضل حسین کے نام سے ہوئی جو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ میں محلہ بقائی والا کی رہائشی ہے ۔راجن پور انڈس ہائی وے پر تیز رفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3افراد جاں بحق ہوگئے ، تینوں نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور بچہ شامل ہے ۔