اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے ورلڈکپ 2019کے لیے منتخب ٹیم سے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی،اس ملاقات میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے فردا فردا تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور تمام کھلاڑیو ں کی حوصلہ افزائی بھی کی ،انہوں نے کھلاڑیوں کوورلڈ کپ میں محنت،لگن اورجذبے سے کھیلنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم عمران خان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے اپنے تجربات سے ٹیم کو آگاہ کیا،انہوں نے کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تم ٹیم لیڈر ہو اگرتم دلیری سے کھیلوگے تو تمہاری ٹیم بھی دلیر ہوگی،1992میں ہماری ٹیم بہت کمزورتھی لیکن جذبے نے ہمیں جیت سے ہمکنار کرایا، وزیراعظم نے فاسٹ بالرحسن علی،جنید خان،فہیم اشرف کوانگلینڈکنڈیشن کے مطابق بالنگ ٹپس دیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین ہیں تاہم محمد حفیظ کی ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے ۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا اور ہمارے پاس 22مئی تک موقع ہے کہ ہم ورلڈکپ سکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔