لاہور(پ ر )پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،سابق حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث قومی خزانہ خالی ہوچکا تھا مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن ،بد عنوانی کا راستہ بند کردیا اور ملکی معیشت کو سنبھالا دیا ہے جس کے مستقبل میں ثمرات حاصل ہونگے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سابقہ حکمران عوام کی بجائے اپنے خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری اور آسودگی کیلئے کوشاں رہے ،موجودہ حکومت ماضی کی روایات کومنوں مٹی تلے دفن کرکے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ،اس موقع پر ڈاکٹرمحمدعدنان بھی موجودتھے ،انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہو چکے ہیں اور وہ اپوزیشن کے تعصب پر مبنی پراپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کے ایک ایک نقطے پر عمل کرے گی اور انشااﷲ جب پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خروہوں گے ۔