اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،این این آئی) اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی اورن لیگ نے وزیراعظم پرشدیدتنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان صاحب ٹویٹ سے نوجوانوں کو جھوٹا درس دے کر آپ اپنی نالائقی پرتنقید کا خوف ختم نہیں کر سکتے ۔پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ عمران خان سابق امریکی صدر کا قول دوہرانے کی بجائے اپنی اصلاح کریں ۔سلیکٹڈ وزیراعظم غلطیوں سے سیکھنے کی بجائے مزید غلطیاں کر رہے ہیں۔کٹھ پتلی وزیراعظم نے اپنی ضد اور انا سے معاشرے کو تباہ کردیا ہے ۔جب وزیر اعظم خودپارلیمنٹ کا احترام نہیں کریں گے تو ہر سطح پر قانون شکنی ہوگی۔آصفہ بھٹو سے توہین آمیز سلوک کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ادھرمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے اپنی نالائقی پر تنقید کے ڈر سے تو پوری اپوزیشن اور ہر مخالف کی آواز بند کر دی ہے ، آپ تنقید سننا برداشت نہیں کرتے اِس لئے ایک سال میں ہر شعبہ میں تبدیلی کی جگہ صرف تباہی ہے ، اگر آپ اپنی نالائقی پرتنقید برداشت کر سکتے تو آج معیشت ، کاروبار اور روزگار تباہ نہ ہوتا ۔ اگر آپ اپنی نالائقی پرتنقید برداشت کر سکتے تو پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے میٹرو میں تبدیل ہوچکے ہوتے ۔ اگر آپ اپنی نالائقی پرتنقید برداشت کر سکتے تو آج پولیو کے کیس 62 اور ڈینگی کے مریض ایک ہزار سے زیادہ نہ ہوتے ۔