لاہور، شیخوپورہ(وقائع نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ کا دورہ کیا، پلانٹ کے مختلف شعبوں، کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، پاور پلانٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی ،وزیراعلیٰ نے پاور پلانٹ کے ایڈمن بلاک کے احاطے میں پودابھی لگایااورشجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس کمپلیکس شیخوپورہ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے پرانے نالہ ڈیک کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کئے جائیں گے ، بورڈ کے اراکین کا جلد تقرر کیا جائیگا ،پلانٹ کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ سے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس شہر میں جاؤں گا، وہاں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقات کروں گا اور ایشوز ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ،عوام کو سہولتیں دینے کا مشن جاری و ساری رہے گا وزیراعلیٰ نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز شاہ، ارکان اسمبلی اور مقامی انتظامیہ نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ننکانہ کے پہلے ٹی ڈی سی پی موٹل کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی موٹل میں سکھ زائرین و دیگر سیاحوں کو قیام و طعام کی عمدہ سہولت میسر ہونگی ۔انہوں نے بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا، یونیورسٹی تقریباً6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیگی ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی وزیراعظم کے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے ۔وزیراعلیٰ نے ننکانہ شہر کی داخلی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔،وزیراعلیٰ نے شاہ کوٹ تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کے اعزاز میں ننکانہ میں بریگیڈیئر(ر)اعجاز شاہ کی طرف سے ظہرانہ دیاگیا۔وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام علاقوں کو ترقی کے سفر میں یکساں طورپر شریک رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالحمید حمیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔