برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) عالمی و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 12ویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ آج برمنگھم کے مقام پر کھیلا جائے گا،میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے اور 10 ٹیموں میں سے 4ٹیموں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت نے ٹاپ فور میں جگہ بنائی تھی، آسٹریلوی ٹیم کو آخری میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ،تاہم آٹریلوی ٹیم پہلے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی تھی۔لیگ میچز کے بعد کینگروز ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔آسٹریلیا کا مقابلہ تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ سے ہے ۔ عالمی و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم اس سے قبل سب سے زیادہ 5مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کر چکی ہے اور چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل انے نام کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ دوسری جانب میزبان انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بے تاب نظر آرہی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ انتہائی سخت اور کرنٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔