لندن، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز ) برطانوی شاہی جوڑے کے دور ہ پاکستان کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔برطانوی شاہی محل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے ۔خیال رہے شہزادہ ولیم شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔واضح رہے برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ ہے ۔ شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال بھی 2006 میں پاکستان آچکے ہیں۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے منتظر ہیں۔پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان قریبی اور گہرے تعلقات ہیں ۔دورے سے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔