لاہور (سلیمان چودھری )پنجاب حکومت نے صوبہ میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اس بیماری سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لئے ہیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے ڈی ایچ کیو،ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا جس کے مطابق کرونا سے مرنے والے شخص کے جسم کو ہر گز نہ چھوا جائے ، خاص ٹیم کی نگرانی میں ہی مرنے والے شخص کی تدفین کرائی جائے ،مرنے والے شخص کو غسل دینے والوں نے لازما حفاطتی کٹس پہنی ہوں، نعش کو ایک خصوصی تابوت میں ہی رکھا جائے ، نعش کو کلورین سے انفکیشن سے پاک کیا جائے اور اسے پلاسٹک بیگ میں لپیٹا جائے اور کفن لازمی دیا جائے اور ایمبولینس میں ہی قبرستان تک پہنچایا جائے اور جنازے میں لوگوں کی شرکت کو محدود رکھا جائے ، جنازے میں خاص فاصلہ اور ہاتھوں کی صفائی لازمی کی جائے ، تدفین محکمہ صحت کی ٹیم خود کرے اور گھر والے بھی شریک ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لئے خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔