لاہور(سپورٹس رپورٹر) جاپان میں آئندہ سال منعقد ہونے والے اولمپک گیمز کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم نیدر لینڈ کے خلاف کوالیفائنگ میچ کھیلے گی، نیدر لینڈ کو شکست دے کر پاکستان ٹیم آئندہ سال اولمپکس میں حصہ لے سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ کی جانب سے گزشتہ روز ٹیموں کے ڈراز نکالے گئے جس کے مطابق چودہ ٹیمیں باہمی دو دو میچ کھیلیں گی اوران کی فاتح ٹیمیں جاپان اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر لیں گی۔ ڈراز کے مطابق پاکستان اور نیدر لینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ 26اور 27اکتوبر کو ایمسٹرڈیم نیدر لینڈ میں کھیلے گی۔ دیگر ٹیموں میں سپین اور فرانس ویلینشیا میں 25اور26اکتوبر ، کینیڈااور آئر لینڈ کی ٹیمیں 26اور 27اکتوبر کو ویسٹ وینکوور میں، انڈیا اور روس کی ٹیمیں یکم اور دو نومبر کو بھانیشور بھارت میں، نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں دو اور تین نومبر کوسٹیٹفورڈ میں ، جرمنی اور آسٹریا کی ٹیمیں دو اور تین نومبر کو جرمنی میں جبکہ انگلینڈ اور ملائشیا کی ٹیمیں دو اور تین نومبر کو لندن میں مد مقابل ہوں گی۔ ان سات گروپس میں سے سات ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ پانچ ٹیمیں پہلے ہی 2020 جاپان اولمپکس کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جن میں میزبان جاپان، ارجنٹینا، ساؤتھ افریقہ، بلجیم اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ آئندہ سال 25جولائی تا7اگست تک جاپان میں کھیلا جائے گا۔