لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے اپنے آبائی حلقہ نارووال کے سرحدی علاقے لہڑی اور دانوٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ا نتظامیہ ، پاک فوج کے افسران سیاسی کارکن بھی تھے ۔ صوبائی وزیرنے سرحد پر پہرہ دینے اور ملک کی حفاظت کرنے والے فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان میں عید پر مبارک باد یتے ہوئے مٹھائی اور کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے ۔پاک فوج کے جوان ہر وقت بیرونی سرحدوں پر حفا ظت سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ اندرونی خطرات کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہے ۔ افواج پاکستان کو ہمہ وقت خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان کے ہر فرد کی دعا ہے کہ اﷲ تعالی ان جوانوں کا جوش و جذبہ یونہی بلند و برقرار رکھے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سیدسعیدالحسن شاہ نے نماز عیدالضحیٰ کی امامت اپنے آبائی حلقہ نارووال کی جامع مسجد میں کرائی۔ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی۔صوبائی وزیر اوقاف اپنے حلقہ کے لوگوں سے عید ملے اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے ۔