لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستانی نوجوان اور باصلاحیت طبقہ امریکی مارکیٹ تک رسائی کے لیے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن کی کاروباری برادری کے ساتھ مل کر اے ٹی ایکس پاک ایڈوانس پروگرام سے بھرپور استفادہ کرے جو پاکستانی تاجروں کے لیے شروع کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اے ٹی ایکس پاک بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام کی بانی اور آسٹن کی فیشن انڈسٹری کی نمائندہ ایلسا ڈین نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا ، جبکہ سابق نائب صدر لاہور چیمبر ابوزر شاد ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر ، عاقب آصف، حارث عتیق ، فیاض حیدر ، عظمیٰ شاہد ، امریکی قونصلیٹ کے نمائندوں سمیت دیگر کئی افراد نے شرکت کی۔ایلسا ڈین نے پاکستانی تاجر برادری کو اے ٹی ایکس پاکستان پروگرام کے دوسرے مرحلے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آسٹن کے سرمایہ کاروں ،کاروباری افراد اور ایجوکیٹرز کو پاکستانی تاجر برادری کے قریب آنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستانی کاروباری طبقے کو کئی سہولیات و مراعات بھی فراہم کی جائیں گی ۔