لاہور(قاضی ندیم اقبال) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی انتظامی شخصیات نے قراردیا ہے کہ پاکستانی قوم اور تمام ادارے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ہرسطح پر مدد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اوراس معاملہ پرحکومت اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں جبکہ یوم آزادی قیام پاکستان کیلئے جدوجہد کرنیوالوں، گمنام شہدا اور مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔یوم آزادی اور کشمیر وں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے روز نامہ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب حبیب الرحمٰن گیلانی نے کہا کہ تمام پاکستانی آج ایک آزاد ، باوقار اور باشعورقوم ہونے کا ثبوت دیں۔آزادی کے حصول کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو اقوام عالم کے سامنے رکھنے ، بھارتی کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کاوشیں اور پالیسیا ں قابل ستائش ہیں۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق خان وزیر نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات سے اقوام عالم میں قائد اعظم ؒ اور انکے ساتھیوں کی جانب سے پیش کئے گئے دو قومی نظریہ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔ نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت میں بسنے والے وہ لوگ جو مذہب کے بجائے انسانیت کی عظمت اور توقیرکو فوقیت کو اولین ترجیح دیتے ہیں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کیلئے کئے جانیوالے غیر آئین اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کر دیا ۔آج پاکستان میں بسنے والے ہندو، سکھ، مسیحی، بہائی اور دیگر غیر مسلم شہری برملا یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ انکے آبائو اجداد نے قائد اعظم ؒ کی بات پر یقین کر کے کسی صورت بھی گھاٹے کا سودا نہیں کیا تھا۔ آج ملک بھر میں بسنے والے غیر مسلموں کو بلا شبہ تمام وہی آئنی اور قانونی حقوق حاصل ہیں جو کسی بھی ایک مسلم شہری کو حاصل ہیں۔سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ مودی سرکار کو کشمیریوں کی نہیں، کشمیر کی ضرورت ہے ۔مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کا جذبہ حریت لائق تحسین ہے ۔حکومت کی جانب سے یوم آزادی کو کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر منانے کا فیصلہ بروقت، درست ، اور احسن ترین ہے ،حکومتی ادارے اور تما م شہری اس ضمن میں یک زبان ہیں ۔