اسلام آباد، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) قطر کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر مطلق بن ماجد القحطانی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ڈی جی آئی ایس آئی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے ، افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور قطر مشترکہ تاریخ اور بہترین تعلقات رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک، قطر تعلقات دیرپا شراکت داری میں بدل چکے ہیں، قطری نمائندہ خصوصی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی متواتر کاوشوں کو سراہا،ڈاکٹر مطلق بن ماجد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے مابین بہترین تعلقات کیلئے کام کرتے رہیں گے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے بھی قطر کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور قطر کے مابین باہمی تعلقات،افغان امن مذاکرات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے افغان امن مذاکرات سے متعلق قطرکی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن پاکستان کادیرینہ خواب ہے ، پاکستان قطری حکومت کی کوششوں کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے ۔اس موقع پرقطری نمائندہ خصوصی نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان سے مل کرکوششیں کررہے ہیں،افغانستان میں امن خطے کی ترقی کیلئے ناگزیرہے ، پاکستان نے خطے میں قیام امن کیلئے بے شمارقربانیاں دی ہیں۔