پرتھ(سپورٹس ڈیسک) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 2-0سے اپنے نام کرلی ہے ۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جارہے تیسرے میچ میں عالمی نمبر ایک ٹیم نے دو نمبر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ پاکستان کے 107رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینگروز کے لیے فنچ او روارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور 12ویں اوور میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی ۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن گزشتہ 2 میچز کے برعکس کپتان بابر اعظم اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے اور دوسرے اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ،بابر اعظم کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن دوسرے اوور کی تیسری بال صفر پر ہی آئوٹ ہوگئے ،محمد رضوان کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ اوپنر امام الحق 22 کے مجموعی سکور پر 14 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ۔حارث سہیل اور افتخار احمد نے چوتھی وکٹ کیلئے 32رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل ایشٹن ایگر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے ،اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے والے خوشدل شاہ بھی صرف8رنز بنا سکے ،افتخار احمد6چوکوں کی مدد سے 45رنز بنا کر پوویلین لوٹے ،شاداب خان بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے ،آخری دو اوورز میں پاکستانی بلے بازوں نے محض 2رنز بنائے ،قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106 رنز ہی بناسکی ۔آسٹریلیا کیلئے رچرڈ سن نے 3، سٹارک اور ایبٹ نے 2،2اور ایگر نے ایک وکٹ لی۔اس سے قبل ٹاس کے موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بائولنگ کرتے ، ہم نے آج کے میچ میں 2 ڈیبیو کیے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ کھیلیں، انکے پاس اچھا موقع ہے اور یہ وکٹ بائولنگ کے لیے اچھی ہے ۔واضح رہے کہ آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں شامل کیے گئے خوشدل شاہ اور محمد موسیٰ ٹی20 انٹرنیشنل میں اپنا ڈیبیو کررہے ہیں، فخرزمان اور آصف علی کی جگہ امام الحق اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے ۔