لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ میزبانی مل گئی اور آئندہ سال ہونے والے عالمی ایونٹ میں بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔12 جنوری سے شروع ہونیوالے کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت، ایران، امریکہ، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا شریک ہوں گے جبکہ کینیا، ناروے ، نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بھی شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے ۔صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے لاہور میں پریس کافرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کبڈی کا عالمی میلہ آئندہ سال پاکستان میں ہو گا اور لاہور 12 سے 18 جنوری تک کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گاجبکہ فیصل آباد ، ننکانہ صاحب اور کرتار پور میں بھی میچز ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جکہ دو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد میگا ایونٹ کا حصہ بنیں گی،ایونٹ میں تین براعظم کی ٹیمیں شامل ہوں گی جس میں پاکستان، انڈیا، ایران، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، کینیا اور سیرالیون کی ٹیمیں براہ راست شرکت کریں گی۔کبڈی ورلڈ کپ میں ناروے ، اسپین، جرمنی ، کیمرون اور دیگر ٹیموں میں سے دو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد عالمی ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ، رنراپ کو 75 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن کی ٹیم کو 50 لاکھ انعام دیا جائے گا۔کبڈی ورلڈ کپ کے انعقاد کا آغاز 2010 میں ہوا تھا اور اب تک 6 ورلڈ کپ مقابلے منعقد ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ میں پاکستانی کبڈی ٹیم نے شرکت کی تھی۔اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ مقابلے بھارت میں منعقد ہوئے جن میں سے چار کے فائنل میں قومی ٹیم شکست ہوئی جبکہ ایک میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی جبکہ آخری عالمی میں قومی ٹیم شرکت نہیں کر سکی تھی۔