کراچی ( 92 نیوزرپورٹ ،کامرس رپورٹر)حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کابھارت سے تجارتی سرگرمیوں کی معطلی کافیصلہ خوش آئندہے ،پاکستانی تاجرمشکل معاشی صورتحال کے باوجود کشمیرکیلئے انتہای اہم کردا ادا کررہے ہیں،بھارت نے 70سال سے کشمیریوں پرجنگ مسلط کی ہوئی ہے ،کشمیری 2ماہ سے بھارتی قیدمیں ہیں،وہاں بھوک افلاس تشدد بڑھتاجارہاہے ،پاکستان اورپاکستانیوں کی کشمیریوں کیلیے قربانی ناقابل فراموش ہے اورتاریخ کاحصہ بن گئی ہے ،اب سفارتکار بھی مسلہ کشمیراوربھارت کی ہٹ دھرمی کی رپورٹنگ کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی) میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمشعال ملک کی والدہ ریحانہ حسین،فیڈریشن کے صدرانجینئر داروخان اچکزئی اورتاجررہنما ایس ایم منیرنے بھی خطاب کیا۔مشعال ملک نے کہاکہ تاجر برادری پاکستان اورکشمیریوں کے مشکل وقت میں ہراول دستہ ثابت ہوئی ہے ۔اب ہمیں تاجربرادری کے اشتراک سے اسپیشلائزڈ اسٹریٹجک سیل بناناہوگا۔اقوام عالم کی آگہی کے لیے مسئلہ کشمیر،کشمیرکی ثقافت پرسوشل میڈیا پرمنظم مہم شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی وجوہات میں مسئلہ کشمیربھی ایک وجہ ہے ۔