اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت صنعت و پیداوار اور ٹیکسٹائل انڈسٹری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ آزاد تجارت کے معاہدے کے نتیجے میں مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی سے پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ چین نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری دیدی ہے ،معاہدہ یکم دسمبر سے فعال ہو جا ئیگا،ڈیوٹی فری مصنوعات برآمد کی جاسکیں گی، مختلف عالمی کمپنیوں کو قائل کررہے ہیں کہ وہ پاکستان میں دوبارہ آکر کاروبار کریں۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر اپریل میں دستخط ہوئے تھے اور آزاد تجارت کے معاہدے کو فعال ہونے کے لئے ایک سال کا وقت درکار ہوتا ہے ‘ تاہم چین نے آزاد تجارت کے معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری دیدی ہے ، آزاد تجارت کا معاہدہ یکم دسمبر سے فعال ہو جائے گا۔ چینی قیادت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے خصوصی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے لاہور میں عالمی نمائش شروع ہو رہی ہے جس میں چین کی 36کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چینی کمپنیاں کراچی ‘ لاہور اور فیصل آباد میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ مشیر تجارت رزاق داؤد کی زیر صدارت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور سرمایہ کاری میں اضافہ سے متعلق اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ، سیکرٹری تجارت سمیت وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔