لاہور(گوہر علی) ن لیگ کیلئے دوہری مشکل آن پڑی ، تمام تر دھوپ دوڑ کے باوجود حمزہ شہباز کو پبلک اکائونٹس کمیٹی(ٹو) کا رکن نہ بنایا گیا جبکہ مذکورہ کمیٹی نے آج لیگی دور میں قائم کئے گئے دانش سکول کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ، پبلک اکائونٹس کمیٹی(ٹو) نے متعلقہ افسران کے علاوہ سیکرٹری خزانہ اور اور سپیشل سیکرٹری خزانہ کو بھی طلب کرلیا ۔آج پبلک اکائونٹس کمیٹی(ٹو) کا اجلاس اپنے شیڈو ل کے مطابق ہوگا ، اجلاس دو دن جاری رہے گا جس میں دانش سکول کے آڈٹ پیروں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس سے قبل دانش سکول کے متعلقہ آڈٹ پیروں کو ٹھپ کردیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے یہ آڈٹ پیرے اور ریکارڈطلب کر لیا جو آج اس کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔کمیٹی نے کچھ محکموں اور اداروں کو اپنا ریکارڈ درست کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی تھی ،یہ مہلت ختم ہوچکی ہے اور اب کمیٹی نے ان اداروں اور محکموں کے افسران کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔