لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ دو کلو چینی کا بیگ لوگوں کو لائنوں میں لگ کر لینا پڑ رہا ہے ،آٹے کی قیمت اور کوالٹی پر بھی سوالیہ نشانہ ہے ،سبزیوں اور پھلوں کی قیمت اورچکن کا گوشت ملکی تاریخ کی بلند سطح پر ہے ،حکمران محض نعرے اور دعوے کرتے ہیں عملی اقدامات کچھ نہیں ہیں،یہ جی او آر کے افسران کا رمضان بازار ہے جہاں کمال صفائی سے صفائی دکھائی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شادمان کے رمضان بازار کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ذیشان بیگ شامی اور احسن رضوی بھی موجود تھے ۔حسن مرتضی نے کہا کہ چھ دن تک امن و امان خراب رہتا ہے لیکن نااہل وزیراعلی نظر نہیں آتا ، پنجاب حکومت اپنی اکثریت کھو چکی ہے مگراپوزیشن کی دوسری جماعتوں کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی،سیاسی جماعتوں اور قیادتوں کو مشکل فیصلے لینے پڑتے ہیں۔ن لیگ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے ، کورونا کی صورتحال حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوتی جا رہی ہے ،ہسپتالوں میں 91فیصد آئی سی یو بیڈز کورونا مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اورعوام کو کورونا کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیا ہے ۔