لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، این این آئی ) پنجاب حکومت نے بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھار کر تے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری سروسز سمیت 14اعلیٰ افسروں کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیئے ۔اتوار کو سرکاری تعطیل کے باوجود سروسز اینڈ جنرل ایدمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) فضیل اصغر ،سیکرٹری خزانہ پنجاب حامد یعقوب شیخ ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شیر عالم خان محسود اورسیکرٹری سروسز احمدرضا سرورکی خدمات وفاق کے سپرد کرتے ہوئے انہیں پنجاب سے ریلیو کردیا گیا ہے ۔سیکرٹری خوراک شوکت علی کو تبدیل کر کے سیکرٹری زراعت پنجاب،تقرر کے منتظرنسیم صادق کو سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر راحیل صدیقی کو تبدیل کر کے سیکرٹری خزانہ پنجاب،سیکرٹری آبپاشی سید علی مرتضیٰ کو تبدیل کر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب،تقرر کے منتظرمحمد عبد اﷲ خان سنبل کو سیکرٹری سروسز پنجاب،تقرر کے منتظرڈاکٹر نبیل احمد اعوان کو سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سیکرٹری زراعت ڈاکٹر واصف خورشید کو تبدیل کر کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اورتقررکے منتظرڈاکٹر احمد جاوید قاضی کو سیکرٹری آبپاشی تعینات کر دیا گیاہے ۔ سیکرٹری (کوآر ڈینیشن ) برائے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر محمد شعیب اکبر کو پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ بابر شفیع کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا دیا گیا۔