لاہور(خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس کے الائونسز میں اضافے کی اصولی منظوری دی جبکہ حتمی منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس کی معاونت کریں گے اور پولیس کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق وسائل فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہیں، اب مزید بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی،پرانا دور بدل گیا، نئے پاکستان میں پرانا رویہ قابل قبول نہیں۔ ہر شہری قابل احترام ہے ، تھانوں میں عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ محض ڈیوٹی ہی نہیں بلکہ کارثواب بھی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا،جس میں کیبنٹ کمیٹی آن فلڈ کو’’کیبنٹ کمیٹی آن ڈیزاسٹر‘‘ میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں بارشوں اوربرف باری کی وجہ سے ممکنہ سیلاب سے بچائو کیلئے بھر پور انتظامات کیے جائیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلڈ انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں،انتظامیہ،صوبائی محکمے اوردیگر ملحقہ ادارے باہمی اشتراک کار یقینی بنائیں۔ آبادی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ نے خصوصی پیغام میں کہا کہ قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے انسانی آبادی کے سونامی کو روکنا ہوگا، بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے سماجی، ماحولیاتی اورمعاشی مسائل میں اضافہ خطرے کی گھنٹی ہے ، ہر شہری کے بہتر معیار زندگی کیلئے آبادی کے سیلاب کے سامنے بند باندھنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک حادثے میں اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس کامران یوسف اور ان کے ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔