لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈسٹاف اور اس کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کروناوائرس کے خلاف جنگ میں حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنی معاونت کریں گے ، پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے جبکہ پی سی بی کے سینئر منیجرکے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہوار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے ، پی سی بی بطور ادارہ سٹاف سے اکٹھی ہونے والی رقم کے برابر اضافی رقم بھی امدادی فند میں دے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے عالمی ادارہِ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کو ایک عالمی وباء قرار دئے جانے کے بعدعالمی اور مقامی سطح پر کرونا کے خلاف جنگ میں ہر کوئی اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈکی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے ۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ وہ اپنے ہیلتھ ورکرزکی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے اور اس سلسلے میں پی سی بی نے اپنی طرف سے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے ۔پی سی بی پہلے ہی اپنا ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے عارضی قیام گاہ میں تبدیل کرچکا ہے ۔