لاہور(اپنے رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی آئی سی واقعہ میں جاں بحق گلشن منیر اور محمد بوٹا کے اہلخانہ کوامدادی رقم کے چیک فراہم کردیئے گئے ۔گزشتہ روزوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے محمد بوٹا اور گلشن منیر کے لواحقین کو مالی امداد دینے کے اعلان اور واقعہ میں پی آئی سی میں کھڑی گاڑیوں کو پہنچے والے نقصان کے ازالہ کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کو فوری طور پر چیک تیارکرنے کی ہدایت کی گئی۔ جس کے فوری بعد صوبائی وز یر ہیلتھ ڈاکٹر یاسمین راشد ، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشیدنے محمد بوٹا اور گلشن منیر کے گھروں میں جا کر اِنکے لواحقین کیساتھ اظہار تعزیت کیا اور حکومت پنجاب کی جانب سے دس لاکھ فی کس چیک دیئے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے محمد بوٹاکے گھر جا کر اسکی بیو ہ کو امدادی چیک دیا جبکہ محمود الرشید نے گلشن منیر کے گھر غازی آباد جاکر انکے شوہر قاری منیراحمد برکاتی کو چیک دیا۔اس موقع پر محمودالرشید نے کہاکہ وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے بھی تعزیت کرتے ہیں۔ ہسپتال پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،ملوث وکلاکیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی انکی غنڈہ گردی سے قانون پسندوں کا سرشرم سے جھک گیاہے ۔دریں اثنا عوام الناس و ڈاکٹرز کی 23گاڑیوں کو پہنچے والے نقصان کے ازالہ کیلئے ساڑھے 26لاکھ روپے کے چیکس اے سی سٹی تبریز مری نے ایم ایس پی آئی سی کو دیئے جنہوں نے فوری مالکان کوچیک ڈلیور کر دیئے ۔