لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اور منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے ۔ پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ۔مسترد شدہ عناصرکی انتشار کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جو حشر ہوا وہ سبق آموز بھی ہے اور عبرتناک بھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی راحت امان اللہ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری ،پی پی 249سے ن لیگی ایم پی اے اظہر عباس چانڈیاکی ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جا نب سے موجودہ صورتحال میں قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش بری طرح ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اورکرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے اور لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ شور مچانے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔دریں اثنا صوبائی وزرا ء اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم، صوبائی وزیر توانائی اختر ملک، ایم این اے سردار محمد خان لغاری، اراکین پنجاب اسمبلی مہندر پال سنگھ، سلیم اختر اور غلام علی اصغر شامل تھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوبازی کرنے کی منفی سیاست دفن ہوچکی ہے اور زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا،اب صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مشکلات میں گھرے افراد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اینکر پرسن جنید سلیم کی خوشدامن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورلواحقین سے تعزیت کی۔قبل ازیں انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا،جس میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم کے تحت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کرلی ہے ۔پہلے مرحلے میں 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے ۔32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ،اس دوران وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کو معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔