لاہور(نامہ نگار)پی آئی اے میں ایک سال کے دوران نمایاں بہتری ہوئی ہے مگر ہمیں مزید چیلنجزکا سامنا ہے جن کا سامنا کرکے نئی بلندیوں تک پہنچنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستانی قوم کے نام ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پی آئی اے کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ چھ ماہ میں پی آئی اے کی آمدنی میں تقریباً چالیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سیٹ فیکٹر 80 سے 84فیصد کے درمیان ہو گیا ہے جو کہ ایوی ایشن کی صنعت میں بہترین کارکردگی تصور کی جاتی ہے اور یہ اس بات کا اظہار ہے کہ مسافروں کا اپنی قومی ایئر لائن پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔ ایئر لائن کے ذریعے کارگو سامان کی ترسیل 50 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔