لاہور(نامہ نگار)پی آئی اے کا ایک اور ایئر بس اے 320 بی ایل وی ایک سال سے زائد گراؤنڈ رہنے کے بعد اڑان کے قابل ہو گیا۔ طیارہ کو مکمل طور پر مقامی وسائل سے قابل استعمال حالت میں لایا گیا ۔طیارہ گزشتہ سال مئی سے ناکارہ حالت میں بے توجہی کا شکار تھا۔سی ای او آئر مارشل ارشد ملک نے گزشتہ سال نومبر میں چارج سنبھالنے کے بعد تمام گراؤنڈ طیاروں کو قابل اڑان بنانے کے احکامات جاری کئے تھے ۔قبل ازیں ایک بوئنگ 777 طیارہ بھی ڈیڑھ سال سے زائد گراؤنڈ رہنے کے بعد گزشتہ ماہ درست کر دیا گیا تھا ۔دو طیاروں کی بروقت بحالی کے بعدحج آپریشن بغیر کسی کرائے کے طیارے کے مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے طیاروں سے کیا جا رہا ہے ۔سی ای او ائر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی بحالی ممکن بنانے پر پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ، اب پی آئی اے کا کوئی طیارہ ماسوائے معمول کی چیکنگ کے گراؤنڈ نہیں ہے ۔