لاہور، راولپنڈی(نامہ نگار،نامہ نگار خصوصی، این این آئی)پی آئی اے نے انسان ہمدردی کی بنیادوں پر چار انٹر نیشنل خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ، اس اقدام سے پاکستان میں پھنسے مسافر بیرون ملک واپس اپنے گھروں کو جا سکیں گے ۔فیصلے کے بعدپی آئی اے بکنگ دفاتر میں مسافروں کا رش رہا ،ٹکٹ نہ ملنے پر مسافروں کی عملے سے تکرارہوئی اور انہوں نے ٹکٹ دوگنا قیمت پر فروخت کرنے پر احتجاج کیا۔تین خصوصی پروازیں برطانیہ اور ایک کینیڈا جائے گی ۔پہلی پرواز پی کے 781 جمعہ کو لاہور سے ٹورنٹو ، دوسری پی کے 709 بروز ہفتہ 28 مارچ اسلام آباد سے مانچسٹر ، تیسری پی کے 757 ہفتہ 28 مارچ اسلام آباد سے لندن اورچوتھی پرواز پی کے 9791 بروز ہفتہ 28 مارچ اسلام آباد سے برمنگھم جائے گی، ترجمان کے مطابق ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان میں مسافر بردار بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر 2 اپریل تک پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر کھا ہے ،چاروں پروازوں کے لئے ایوی ایشن ڈویژن سے خصوصی اجازت لی گئی ہے ، ٹورنٹو اور برطانیہ جانیوالی چاروں پروازیں خالی واپس آئیں گی۔پی آئی اے نے اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کے لیے پروازیں شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کااعلان بھی کیا ہے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قطر ائیرویز کی تین فیری پروازوں کو لینڈنگ کی خصوصی اجازت دے دی، تینوں فیری فلائٹس خالی آئیں گی اور مسافروں کو لیکر واپس دوحہ روانہ ہو نگی۔خا لی جہاز 26، 27 اور 28 مارچ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر ینگی۔