لاہور (پ ر )پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور وزارت امور نوجوانان و کھیل کے مشترکہ پروگرام ’ای روزگار‘ کے تمام فری لانسرز کو مفت انٹرنیشنل ڈیبٹ کارڈ اور اکاؤنٹ مہیا کرنے کیلئے پی آئی ٹی بی اور سادہ پے (SadaPay)کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی جس پر ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف‘ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی سلمان امین اور سی ای او ’سادہ پے ‘ برینڈن ٹیمینسکی‘ مارکیٹنگ ہیڈ سادہ پے محمد اسد نے دستخط کئے ۔ بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ساجدلطیف نے بتایا کہ اس سہولت کے باعث ای روزگار کے تمام فری لانسرز انٹرنیٹ سے رقم بآسانی اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کر کے اے ٹی ایم سے نکلواسکیں گے ۔ چیف ایگزیکٹو برینڈن ٹیمنسکی نے کہا کہ سادہ پے عنقریب پاکستان میں اپنی سروسز شروع کرنیوالا ہے ۔انہوں نے کہا ای روزگار فری لانسرز کیلئے دس ہزار روپے تک کی رقم پر صفر جبکہ دس ہزار سے اڑھائی لاکھ روپے تک کی منتقلی پر صرف آٹھ روپے کٹوتی ہو گی۔ آئندہ تین برس تک ای روزگار گریجوایٹس سے ڈیبٹ کارڈ کے اجرا اور تجدید کی فیس بھی نہیں لی جائیگی۔تقریب میں سینئر پروگرام مینیجر احمد اسلام‘فوکل پرسن وشال نوید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔