لاہور (جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر)گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول فار گرلز وحدت کالونی میں لاہور ڈسٹرکٹ گائیڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا مقصد طالبات کو ان کے معاشرتی حقوق، فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہی اور انہیں معاشرے کا ایک کامیاب فرد بننے کیلئے ہاتھ سے بنی اشیا کی تیاری اور دیگر فنون زندگی کی تربیت دینا تھا۔کمشنر کی اہلیہ مسز حنا عثمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن سے ایڈیشنل گائیڈ کمشنر مسز غزالی افتخار، مسز ثروت حامد، نگہت ارشد اور طاہرہ سلطانہ شریک ہوئیں۔ گرلز گائیڈ کے دستے نے مہمانوں کو پھول پیش کیے ۔ کیمپ میں شریک مختلف سکولوں سے آئی ہوئی طالبات نے کسی بھی ہنگامی حالات میں عارضی کیمپ لگانے اور گیجٹس بنانے کے عملی مظاہرے پیش کیے ۔ مہمان خصوصی حنا عثمان نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔