لاہور(سٹاف رپورٹر) دینی اداروں کے رہنماؤں پر مشتمل چار مسالک علماء بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ،علامہ اصغر عارف چشتی چیئرمین ،پیرسلیم عباس جعفری سیکرٹری اطلاعات منتخب ہو گئے ، مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس30 جون کو لاہورمیں طلب کیا گیاہے ،اس موقع پر علامہ اصغر عارف چشتی نے کہاکہ چار مسالک علماء بورڈ کے قیام کا مقصد ملک میں فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے جدوجہدکرناہے ، اس سلسلے میں حکومتی سطح پر فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں خصوصا حکومت پاکستان کے جاری کردہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کی تشہیر کی جائے گی، پورے ملک میں پیغام پاکستان کانفرنسزز اور سیمینار زکا انعقاد کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ ہم تمام مسالک کے علماء اور اکابرین کو لے کر اس کام کے لئے آگے بڑھیں گے ، چار مسالک علماء بورڈ میں شامل 26جماعتوں کا ایک ایک نمائندہ مجلس عاملہ کا رکن ہوگا۔،دیگر رہنماؤں کو مجلس شوری کا رکن بنایا جائے گا،ملک میں قیام امن کے لئے کام کرنے والے دیگر بورڈز کے رہنماؤں پر مشتمل ایک جنرل کونسل قائم کی جائے گی۔