لاہور، چیچہ وطنی، پاکپتن، محمد نگر ( سپیشل رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) چیچہ وطنی میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل کو بری طرح ٹکر مار دی، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 4 سالہ بچہ زخمی ہوگیا، نواحی گاؤں 22 ایل فورٹین کا صابر اہل خانہ کے ساتھ چاندنی چوک جا رہا تھا، تھانہ صدر کے قریب چشتی چوک میں کمالیہ کی طرف سے آتی تیز رفتار بس نے ٹکر مار دی، صابر، روبینہ اور شہزاد چل بسے ، بچہ زخمی ہوگیا، بس ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پاکپتن میں عرس بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ سے واپسی پر موٹر سائیکل بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا نے سے امام مسجد مولانا عاشق حسین کا بائیک سوار بیٹا اور بھتیجا جاں بحق اور بیٹی اور دوسرا بیٹا زخمی ہوگئے ، اڈا رنگ شاہ کے قریب حادثہ میں 18 سالہ محمود اور 16 سالہ امام مسجد کا بیٹا ابوبکر جاں بحق ہوا، صغراں اور احمد زخمی ہوئے ، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ لاہور گارڈن ٹائون میں موٹر سائیکل سوارنوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ، مزنگ کا رہائشی 18 سالہ حارث کلمہ چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار گزر رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہوکر سڑک عبور کرتے ہوئے سکیورٹی گارڈ سے جا ٹکرائی ، دونوں زخمی ہوگئے ، حارت ہسپتال میں دم توڑ گیا۔